ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار میں قتل کے 2 بہاری ملزمان کو دہلی ریلوے اسٹیشن پر حراست میں لیا گیا 

کاروار میں قتل کے 2 بہاری ملزمان کو دہلی ریلوے اسٹیشن پر حراست میں لیا گیا 

Wed, 25 Sep 2024 22:49:13    S.O. News Service

کاروار 25 / ستمبر (ایس او نیوز) کاروار تعلقہ کے ہنکونا میں پیش آئی وحشیانہ قتل کی واردات میں ملوث بہار سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان کو پولیس نے دہلی سے حراست میں لیا ہے ۔
    
یاد رہے کہ 22 ستمبر کو علی الصبح ہنکونا میں پونے کے ایک تاجر ونائیک نائک کو بڑے وحشیانہ انداز میں  تلواروں سے کاٹ کر قتل کر دیا گیا تھا ۔ اور ونائیک کی بیوی وئیشالی نائک پر بھی قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا ۔ 
    
معاملے کی تحقیقات کر رہی کاروار پولیس کی ٹیم نے قتل کی واردات میں استعمال ہونے والی گوا رجسٹریشن نمبر کی کار کا پتہ لگایا اور واردات کے وقت حاضر رہے آسام کے ایک شخص کو تحویل میں لینے کے بعد تفتیش آگے بڑھانے پر پتہ چلا کہ ایک سپاری قتل کا معاملہ ہے جس کے پیچھے کاروار ہنکونا سے قریب ایک گاوں کے شخص کا ہاتھ ہے اور اس کا گوا میں   کاروبار ہے اوراسی شخص نے اپنے پاس ملازمت کرنے والے دو بہاریوں کو اس قتل کی سپاری دی تھی ۔ 
    
کہتے ہیں کہ پولیس کو جب یہ بات معلوم ہوئی کہ ان بہاریوں نے 22 ستمبر کو ہنکونا میں قتل کی واردات انجام دینے کے بعد گوا واپس پہنچ کر وہاں سے دہلی کا سفر اختیار کیا ہے تو پولیس نے تمام ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشن کو ان ملزمان کے تعلق سے چوکنّا کر دیا تھا، اس طرح انہیں دہلی پولیس اسٹیشن پرحراست میں لیا گیا ۔ 
    
پولیس نے اس واردات کے کلیدی ملزم گوا کے تاجر کی گرفتاری کے لئے جال بچھایا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گوا کے اس ملزم کاروباری کی بیوی کے ساتھ مقتول ونائیک کے تعلقات تھے اور یہی اس قتل کا سبب ہے ۔  کلیدی ملزم کی گرفتاری اور تفتیش سے مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے ۔
    
آخری رسومات کے موقع پر ہائی ڈرامہ :    ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق جب مقتول ونائیک نائک کی آخری رسومات کی تیاریاں ہو رہی تھیں، تو اس کا امریکہ میں زیر تعلیم بیٹا جو آخری رسومات میں شرکت کے لئے پہنچا تھا، اس نے ضد پکڑی کہ اسپتال میں داخل اس کی ماں کو موقع پر لایا جائے ۔ پولیس کا خیال تھا کہ اس قتل کے پیچھے شک کی سوئی ونائیک نائک کی بیوی وئیشالی کی طرف اشارہ کر رہی ہے اس لئے اسے یہاں لانے سے جھگڑا کھڑا ہو سکتا ہے اس لئے پولیس نے اس سے بچنے کی کوشش کی ۔ 
    
مگر بیٹے کی ضد کی وجہ وئیشالی کو موقع پر لایا گیا اور وہ اپنے شوہر کی لاش سے لپٹ کر رونے لگی مگر وہاں موجود کسی بھی رشتے دار نے اس کی طرف کوئی توجہ نہیں کی اور کسی نے بھی اس سے بات چیت نہیں کی ۔ آخری رسومات پورے ہونے کے ساتھ ہی وئیشالی کو واپس اسپتال لے جایا گیا ۔


Share: